ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل :معطل شدہ ایس آئی ریوتی کا اُڈپی کے میسکام محکمہ میں تبادلہ

بھٹکل :معطل شدہ ایس آئی ریوتی کا اُڈپی کے میسکام محکمہ میں تبادلہ

Mon, 19 Sep 2016 21:05:23    S.O. News Service

بھٹکل:۱۹ستمبر (ایس او نیوز)رقم اینٹھنے اورجان سے مارنے کی  دھمکی دینے والے معاملے میں اپنے فرائض سے غفلت برتنے کے الزام میں معطل ہونےکے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر ریاست بھر میں بحث کا موضوع بنی بھٹکل شہری پولس تھانہ کی سب انسپکٹرریوتی کا اُڈپی کے منگلورو الکٹرک سٹی سپلائی کمپنی لمیٹیڈ(میسکام )میں تبادلہ کئے جانے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ 

موصولہ اطلاعات کے مطابق ان کے خلاف جاری کیا گیا معطلی کے حکم کاتصفیہ چل رہاہے ، مگر بتایا گیا ہے کہ بھٹکل ایس آئی کے خالی عہدے پرنامزدگی کے لئے محکمہ نے یہ قدم اُٹھایا ہے، ایسے میں اس بات کی بھی جانکاری ملی ہے کہ جس عہدے پر ریوتی کو نامزد کیا گیا ہے وہ اس کو قبول نہیں کررہی ہیں۔

خبریہ بھی ملی ہے کہ ا ن کے خلاف لگائے گئے الزامات کے متعلق محکمہ جاتی تفتیش جاری ہے اس کے بعد ہی ان کے استعفیٰ کی منظوری وغیرہ کے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ریاستی پولس ڈائرکٹر اوم پرکاش نے ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی زون کے آئی جی پی معاملے کی جانچ کررہے ہیں، سب کچھ وہیں طئے ہوگا،انہوں نے اس ضمن میں کوئی خاص نگاہ رکھنے کی ضرورت نہ ہونے کی بات کہی۔

خیال رہے کہ  معطل ہونے کے بعد اعلیٰ پولس افسران پر ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے ریوتی نے وزیر داخلہ کو خط لکھا تھا۔ جس میں ریوتی نے بھٹکل کوگتی میں واقع ناگ بنا میں گوشت پھینکے جانے والےمعاملے کا تذکرہ کرتے ہوئے کئی پردوں کو چاک کرنے کی کوشش کی تھی ، اور یہ معاملہ ابھی بھی عوامی بحث  کا ذریعہ بنا ہوا ہے۔

 


Share: